Fever in children (Urdu) – بچوں کا بخار

  • English

    اہم نقاط
    Key points

    • بخار اسے کہتے ہیں جب جسم کا درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے زیادہ بڑھ جاتا ہے – جو عام طور پر کسی انفیکشن کی وجہ سے ہوتا ہے۔
    • بچوں کو بخار ہونا عام ہے۔ یہ اس بات کی علامت ہیں کہ جسم کا مدافعتی نظام کام کر رہا ہے۔
    • اگر آپ کا بچہ ٹھیک اور آرام دہ دکھائی دیتا ہو تو اس کے بخار کا علاج کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
    • اگر آپ اپنے بچے کے بارے میں فکر مند ہیں اور آپ کو اس کی طبیعت بہت خراب دکھائی دیتی ہے تو کسی ڈاکٹر یا ہیلتھ پروفیشنل سے مشورہ لیں۔
    • اگر آپ کا بچہ تین ماہ سے کم عمر کا ہے اور اسے 38 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ بخار ہے، تو آپ اسے جلد از جلد ڈاکٹر کے پاس لے جائیں۔

    بخار کسے کہتے ہیں؟
    What is a fever

    بخار اسے کہتے ہیں جب جسم کا درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے زیادہ بڑھ جاتا ہے۔ بچوں کو بخار ہونا عام ہے اور یہ انفیکشن کے خلاف ایک عام ردعمل ہے۔ بلکہ، وہ مدافعتی نظام کو انفیکشن سے لڑنے میں مدد کر سکتا ہے۔

    ڈاکٹر عام طور پر بخار کی اصل وجہ پر توجہ دیتے ہیں، نہ کہ صرف درجہ حرارت پر۔ اگر آپ کے بچے کو بخار ہے تو اس کے درجہ حرارت کو بار بار چیک کرنے کے بجائے دیگر علامات پر نظر رکھنا زیادہ اہم ہے۔ مثال کے طور پر، اگر آپ کے بچے کو نزلہ یا کھانسی کے ساتھ بخار ہے، تو اس کے سانس لینے کے عمل پر نظر رکھنا ضروری ہے۔

    اگرچہ بخار ہمیشہ تشویش کا باعث نہیں ہوتا، پھر بھی آپ کو ہوشیار رہنا چاہیے۔ اگر آپ کا بچہ غیر معمولی طور پر بیمار لگ رہا ہے، تو ڈاکٹر یا کسی ہیلتھ پروفیشنل سے بات کرنا بہتر ہے۔

    بخار کے آثار اور علامات
    Signs and symptoms of fever

    اگر آپ کے بچے کا درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے زیادہ ہے، تو اسے بخار ہے۔

    آپ کے بچے میں یہ علامات بھی ہو سکتی ہیں:

    • ناخوش اور بے چین ہونا
    • چھونے پر گرم محسوس ہونا
    • چڑچڑا ہونا یا رونا
    • سر درد ہونا
    • معمول سے زیادہ غنودگی طاری ہونا
    • پسینہ آنا
    • جسم پر دانے یا جلد کے رنگ میں تبدیلی ہونا
    • کپکپی طاری ہونا یا ٹھنڈ لگنا۔

    بچے کا درجۂ حرارت چیک کرنا
    Taking your child’s temperature

    بچے کا درجہ حرارت جانچنے کے کئی طریقے ہیں۔ ہر طریقہ درجہ حرارت کو مختلف طرح سے ناپتا ہے، اور آپ جو تھرمامیٹر استعمال کرتے ہیں اس کی قسم کے لحاظ سے نتائج مختلف ہو سکتے ہیں۔

    اپنے بچے کا درجہ حرارت چیک کرنے کے بہترین طریقے یہ ہیں:

    • اس کی بغل کے نیچے ڈیجیٹل یا الکحل تھرمامیٹر سے
    • اس کے کان میں کان والا (جسے ٹمپینک بھی کہا جاتا ہے) تھرمامیٹر کا استعمال کریں – لیکن چھ ماہ سے کم عمر کے بچوں کے لیے یہ تجویز نہیں کیا جاتا۔

    Two different types of thermometers being used on children. On left-hand side, under-arm thermometer being used on a baby of asia descent. On the right-hand side, an in-ear thermometer being used on a white child.

    تصویر نمبر 1: تھرمامیٹر کی دو مختلف قسمیں - بغل کے نیچے استعمال ہونے والا تھرمامیٹر (بائیں) اور کان میں استعمال ہونے والا تھرمامیٹر (دائیں)۔

    درجہ حرارت کی درست ریڈنگ حاصل کرنے کے لیے ہمیشہ تھرمامیٹر کی ہدایات پر عمل کریں۔

    اپنے بچے کے ماتھے کو چھو کر بخار کا اندازہ لگانا ایک آسان طریقہ ہو سکتا ہے، لیکن یقین دہانی کے لیے آپ کو تھرمامیٹر سے جانچ کرنی چاہیے۔

    ماتھے کے انفراریڈ (infrared) اور پلاسٹک ٹیپ تھرمامیٹر بچوں کا درجہ حرارت ناپنے میں قابلِ بھروسہ نہیں ہو سکتے۔

    گھر میں بخار کی دیکھ بھال کیسے کی جائے؟
    How to care for a fever at home

    بہت سی مختلف بیماریاں بخار کا سبب بن سکتی ہیں; وائرل انفیکشن سب سےعام ہیں۔

    بخار عام طور پر آرام اور مناسب دیکھ بھال سے ٹھیک ہو جاتا ہے۔

    آپ کے بچے کے بخار کو کم کرنے سے اس کا انفیکشن تیزی سے ختم نہیں ہوگا اور نہ ہی بخار کے دوروں (تیز بخار کے باعث بے ہوشی میں عضلات کا شدت سے اینٹھنا) کو روکا جا سکے گا۔

    اگر آپ کا بچہ آرام دہ محسوس کر رہا ہے اور مائع چیزیں پی رہا ہے، تو بخار کا علاج کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ تاہم، انہیں بہتر محسوس کرانے کے لیے آپ چند چیزیں کر سکتے ہیں:

    • اپنے بچے کو مائع چیزیں باقاعدگی سے تھوڑی تھوڑی مقدار میں پینے کے لیے دیں۔ بہت سے بچے بخار ہونے پر کھانا نہیں کھانا چاہتے۔ یہ عام طور پر کوئی مسئلہ نہیں ہے، جب تک کہ وہ ہائیڈریٹ رہیں۔
      • اگر آپ کا بچہ چھ ماہ سے کم عمر کا ہے، تو اسے ماں کا اضافی دودھ یا پھر بوتل کا دودھ زیادہ کثرت سے پلائیں۔
      • اگر آپ کا بچہ چھ ماہ سے زیادہ عمر کا ہے، تو آپ اسے پانی، پانی میں ملا ہوا سیب کا جوس، یا اورل ری ہائیڈریشن محلول (ORS) دے سکتے ہیں۔
    • اگر بخار کی وجہ سے بچے کی حالت خراب ہو یا دوسری علامات ہوں جیسے گلے میں درد ہو تو اسے پیراسیٹامول اور/یا آئبوپروفین دیں۔ ڈوز کے متعلق پیکٹ پر لکھی ہدایات پر عمل کرنے کا پورا خیال رکھیں۔ بچوں کو کبھی بھی اسپرین نہ دیں جب تک کہ ڈاکٹر اسے تجویز نہ کرے۔
    • اپنے بچے کو ٹھنڈا غسل یا شاور نہ دیں۔ ٹھنڈا پانی اسے بے آرام کر سکتا ہے اور کپکپی بڑھا سکتا ہے۔
    • اپنے بچے کو ہلکے کپڑے پہنائیں تاکہ وہ زیادہ گرم یا سرد نہ ہو۔ اگر وہ بخار سے کانپ رہا ہو تو اسے گرم کپڑے پہنانے کی ضرورت نہیں ہے – اس سے وہ زیادہ گرم ہو سکتا ہے۔

    بخار میں پڑنے والے دورے
    Febrile seizures

    کچھ بچوں کو بخار ہونے پر دورے (تیز بخار کے باعث بے ہوشی میں عضلات کا شدت سے اینٹھنا) پڑ سکتے ہیں۔ انہیں بخار میں پڑنے والے دورے کہا جاتا ہے۔ بچے کو دورہ تب پڑ سکتا ہے جب اس کا درجۂ حرارت اچانک بڑھ جائے۔ بعض اوقات، بخار کا دورہ بخار کی پہلی علامت ہوتا ہے۔

    بخار کے دورے دیکھنے میں بہت پریشان کن ہوسکتے ہیں، لیکن یہ عام ہیں اور شاذ و نادر ہی طویل مدتی صحت کے اثرات کا سبب بنتے ہیں۔

    اگر آپ کے بچے کو بخار کا دورہ پڑتا ہے اور یہ اس کا پہلا دورہ ہے، یہ پانچ منٹ سے زیادہ دیر تک رہتا ہے، یا اس کے رکنے کے بعد وہ بیدار نہیں ہوتا ، تو فوری طور پر ایمبولینس (000) کو کال کریں۔ بصورت دیگر، اپنے بچے کو ڈاکٹر یا ہیلتھ پروفیشنل کے پاس لے جائیں۔

    مدد کب طلب کی جائے
    When to get help

    اس صورت میں ایمبولنس (000) کو کال کریں کہ:

    • آپ کے بچے کو سانس لینے میں دشواری ہو رہی ہو، وہ نیلا پڑ رہا ہو یا بہت پیلا ہو۔
    • آپ اپنے بچے کو جگا نہیں سکتے۔
    • آپ کے بچے کو پہلی بار دورہ پڑا ہو۔
    • آپ کے بچے کو پانچ منٹ سے زیادہ دیر تک دورہ (seizure) پڑے۔
    • آپ کے بچے کو دورہ پڑا ہے اورختم ہونے کے بعد وہ بیدارنہیں ہوا۔

    اس صورت میں ہسپتال جائیں کہ:

    • آپ کے بچے کی عمر ایک ماہ سے کم ہے اور اسے 38 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ بخار ہو۔
    • آپ کے بچے کا مدافعتی نظام کمزور ہے (امیونوکمپرومائزڈ) اور 38 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ بخار ہو۔

    اس صورت میں ڈاکٹر یا ہیلتھ پروفیشنل کے پاس جائیں کہ:

    • آپ کے بچے کی عمر تین ماہ سے کم ہو اور اسے 38 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ بخار ہو۔
    • ایسا لگتا ہو کہ آپ کا بچہ زیادہ بیمار ہو رہا ہو۔
    • آپ کا بچہ دو دن کے بعد بھی بہتر نہ ہو رہا ہو۔
    • آپ کے بچے میں درج ذیل علامات بھی ہوں:
      • گردن میں اکڑن یا روشنی سے آنکھوں میں تکلیف ہونا
      • مسلسل سر درد
      • قے آنا اور کسی بھی خوراک، مشروب یا دوا کا اندر نہ رہنا
      • جسم پر دانے – خاص طور پر ایسے دانے جو دبانے پر جلد کا رنگ تبدیل نہ کریں (نان بلانچنگ ریش)
      • سانس لینے میں دشواری
      • بغیر توانائی کے بڑھتی ہوئی سستی/غنودگی۔
    • آپ کا بچہ جو عام طور پر چلتا ہو لیکن اب رک گیا ہو اور/یا چلنے کے قابل نہ ہو۔
    • آپ کے بچے کو دورہ پڑا ہو۔
    • آپ اپنے بچے کے بارے میں فکر مند ہوں اور آپ کو وہ بہت بیمار لگتا ہو۔

    اس صورت میں گھر پر ہی اپنے بچے کا خیال رکھیں اگر:

    • وہ بہتر محسوس کرے اور بخار کے دوروں کے درمیان، یا پیراسیٹامول اور/یا آئبوپروفین لینے کے بعد اس میں توانائی نظر آتی ہو۔
    • بچہ پینے کی چیزیں کافی مقدار میں لے رہا ہو۔
    • وہ آرام سے سانس لے رہا ہو.
    • ایسا لگتا ہو کہ وہ بہتر ہو رہا ہے.

    بچوں میں بخار کے بارے میں عام سوالات

    کیا مجھے اپنے بچے کے بخار کے متعلق فکرمند ہونا چاہیے؟
    Should I be worried about my child’s fever

    اگر آپ کے بچے کو بخار ہے تو پریشان ہونا نارمل ہے۔ تاہم، زیادہ تر بخار ایسے انفیکشنز کی وجہ سے ہوتے ہیں جو خود ہی ٹھیک ہو جاتے ہیں اور انہیں مخصوص علاج کی ضرورت نہیں ہوتی۔ بہت چھوٹے بچے اس سے مستثنیٰ (exempt) ہیں۔ اگر آپ کے بچے کو ایک ماہ سے کم عمر میں بخار ہو تو اسے ہسپتال لے جانا چاہیے؛ اگر آپ کے بچے کو تین ماہ سے کم عمر میں بخار ہو تو ڈاکٹر یا ہیلتھ پروفیشنل سے ملیں۔

    آپ اپنے بچے کو سب سے بہتر جانتے ہیں۔ ان کی عمر کچھ بھی ہو، اگر وہ بہت بیمار لگیں اور آپ پریشان ہوں، تو ڈاکٹر سے بات کرنا سب سے بہتر ہے۔

    میرا بچہ بخار کے ساتھ کچھ کھا پی نہیں رہا ہے۔ مجھے کیا کرنا چاہیے؟
    My child is not eating or drinking with a fever. What should I do

    جب بچوں کو بخار ہوتا ہے تو ان کی بھوک ختم ہوجانا عام بات ہے۔ یہ عام طور پر کوئی مسئلہ نہیں ہے، جب تک کہ مائع پیتے رہیں تاکہ پانی کی کمی نہ پڑے۔ اگر آپ کا بچہ چھ ماہ سے کم عمر کا ہے، تو اسے ماں کا اضافی دودھ یا زیادہ کثرت سے بوتل کا دودھ پلائیں۔ آپ انہیں اورل ری ہائیڈریشن محلول (ORS) بھی دے سکتے ہیں۔ اگر آپ کا بچہ چھ ماہ سے زیادہ عمر کا ہے، تو آپ اسے پانی، پانی میں ملا ہوا سیب کا جوس، یا اورل ری ہائیڈریشن محلول (ORS) دے سکتے ہیں۔

    اگر آپ کا بچہ صرف پانی پی رہا ہے، تو آپ اسے کچھ سادہ غذائیں دیں جیسے پھل یا کریکرز (نمکین بسکٹ)۔ اس سے انہیں مزید توانائی ملے گی۔

    اگر وہ قے کی وجہ سے کچھ نہیں پیتا یا کھانے پینے کی چیزوں کو اندر نہیں رکھ سکتا تو کسی ڈاکٹر یا ہیلتھ پروفیشنل سے بات کریں۔

    بخار عام طور پر کتنی دیر تک رہتا ہے؟
    How long does a fever typically last

    زیادہ تر بخار، بخار ہونے کی وجہ کے لحاظ سے، ایک ہفتے کے اندر ٹھیک ہو جاتے ہیں۔ تاہم، اگر آپ کے بچے کو دو دن سے زیادہ بخار رہے – خاص طور پر اگر اس میں دیگر پریشان کُن علامات ظاہر ہوں – تو صحت کے ماہرین اکثر ڈاکٹر سے بات کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

    کیا یہ سچ ہے کہ بخار میں بھوکا رہنا چاہئے؟
    Is it true that you should starve a fever

    یہ پرانی کہاوت کہ 'بخار میں فاقہ کرنا چاہیے' ایک غلط خیال ہے۔ جب آپ کے بچے کو بخار ہو تو پینے کی چیزوں پر توجہ دینا اہم ہے، لیکن ان کا ٹھوس خوراک کھانا بھی ٹھیک ہے۔

    کیا میں اپنے بچے کو ایک ہی وقت میں پیراسیٹامول اور آئبوپروفین دے سکتا ہوں؟
    Can I give my child paracetamol and ibuprofen at the same time

    عام طور پر بخار میں مبتلا بچے کے لیے پیراسیٹامول یا آئیبوپروفین میں سے کوئی ایک ہی کافی ہوتا ہے۔ تاہم، ضرورت پڑنے پر دونوں کو بیک وقت دینا، یا دوائیوں کے پیک کی ہدایات کے مطابق، ایک کے بعد دوسری دینا محفوظ ہے۔ گر آپ اپنے بچے کو پیراسیٹامول اور آئیبوپروفین دونوں دے رہے ہیں، تو یقینی بنائیں کہ آپ خوراک (doses) اور انہیں دینے کے وقت کا ریکارڈ رکھیں۔ اگلی خوراک کب دینی ہے، اس کی یاد دہانی کے لیے فون پر ٹائمر سیٹ کرنا بھی مددگار ہو سکتا ہے۔

    کیا دانت نکلنے کی وجہ سے بخار ہو سکتا ہے؟
    Can teething cause a fever

    جن بچوں کے دانت نکل رہے ہیں ان کا درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہو سکتا ہے۔ 38 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ درجہ حرارت دانت نکلنے کی وجہ سے نہیں ہوتا ہے آپ کے بچے کو غالباً کوئی انفیکشن ہے۔ یہ محض اتفاق ہو سکتا ہے کہ آپ کے بچے کے دانت بھی نکل رہے ہوں اور اسے انفیکشن بھی ہو، کیونکہ دونوں ہی چھوٹے بچوں میں بہت عام ہیں۔

    درد سے آرام کی دوا کے بعد بھی میرے بچے کو بخار ہے۔ کیا مجھے فکر کرنی چاہیے؟
    My child still has a fever after pain relief medicine. Should I be worried

    اگر آپ کا بچہ بہتر محسوس کر رہا ہے اور اس کی دیگر علامات میں بہتری آئی ہے، تو اس کے بخار کے بارے میں فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ پیراسیٹامول اور آئیبوپروفین سے ضروری نہیں کہ بخار ختم ہو جائے؛ یہ دوائیں دینے کی وجہ یہ ہے کہ آپ کا بچہ بہتر محسوس کرے۔

    اگر آپ کے بچے کو دو دن سے زیادہ بغیر کسی بہتری کے بخار رہے، یا اگر آپ فکرمند ہیں کہ وہ بہت زیادہ بیمار لگ رہا ہے، تو آپ کو اپنے بچے کے ڈاکٹر سے بات کرنی چاہیے۔

    کیا میں اپنے بچے کو بخار کے لیے اسپرین دے سکتا ہوں؟
    Can I give my child aspirin to help with a fever

    اپنے بچے کو کبھی بھی اسپرین نہ دیں جب تک کہ اس کے ڈاکٹر نے خاص طور پر تجویز نہ کیا ہو۔ یہ ایک خطرناک لیکن شاز و نادر ہونے والی بیماری کا باعث بن سکتا ہے جسے Reye syndrome کہتے ہیں۔

    میں اپنے بچے کو بہتر محسوس کرنے میں مدد کرنے کے لیے کون سے قدرتی علاج کا استعمال کر سکتا ہوں؟
    What natural remedies can I give my child to help them feel better

    ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر بچوں کے لیے قدرتی علاج تجویز نہیں کیے جاتے۔ آپ کے بچے کو جلدی ٹھیک ہونے کے لیے وٹامنز کی ضرورت نہیں ہے۔

    بخار کی صورت میں میرے بچے کو کتنے عرصے تک سکول یا چائلڈ کیئر سے گھر رہنا چاہیے؟
    How long should my child stay home from school or childcare with a fever

    آپ کا بچہ جب بہتر محسوس کرنے لگے اور اس کی علامات بہتر ہو جائیں اور ڈاکٹر نے منع نہ کیا ہو، تو وہ سکول واپس جا سکتا ہے۔

    مزید معلومات کے لیے
    For more information

    رائل چلڈرنز ہاسپٹل کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ نے مرتّب کیا۔ ہم RHC کے صارفین اور کیئررز کے تعاون پر شکرگزار ہیں۔

    ستمبر 2025 میں نظر ثانی کی گئی

    براہ کرم ہمیشہ رجسٹرڈ اور حال میں پریکٹس کرتے ہوئے معالج سے تازہ ترین مشورہ حاصل کریں۔